نئی دہلی،2؍ جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) اپریل کے مہینے میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے ابتدا میں لرزہ خیز تباہی مچی تھی، لیکن اب لگتا ہے کہ یہ لہر ختم ہوتی جارہی ہے۔
گزشتہ کئی دنوں سے روزانہ کی بنیاد پر کورونا کیسز میں تیزی سے کمی ہورہی ہے۔ اعداد و شمار پر نظر کریں،تو ایسا لگتا ہے کہ دوسری لہر ختم ہوگئی ہے۔
تاہم مرکزی اور ریاستی حکومتیں ابھی بھی کورونا کی تیسری لہرکے پیش نظر مستعد ہیں اور اچانک لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے پوزیشن میں نہیں ہے۔
پچھلے ایک ہفتے سے 30 ریاستوں اور مرکز کے زیر ا نتظام علاقوں میں کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ 28 مئی کے بعد سے روزانہ دو لاکھ سے بھی کم کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت نے کورونا بریفنگ میں بتایا کہ ایکٹیو کیسز میں 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک دن میں 1.3 لاکھ ایکٹیو کیسز کم ہوئے ہیں۔ 30 ریاست سمیت مرکز کے زیر انتظام ایسے خطے ہیں جہاں ایک ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پر کم کیس رپورٹ ہوئے ہیں جو ”پازیٹو ٹی ٹرینڈ‘ کا رجحان ہے۔
وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 127000 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 28 مئی سے اب تک دو لاکھ سے بھی کم کیسز موصول ہورہے ہیں۔